جنوبی افریقی کرکٹر پر برطانیہ میں حملہ، حالت تشویش ناک
Abdul Rehman
انگلینڈ میں جنوبی افریقا کی جانب سے انڈر 19 کھیلنے والے فاسٹ بولر مونڈلی خمالو ایک حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی کے مطابق 20 سالہ جنوبی افریقی کرکٹر پر برج واٹر کے علاقے میں فری آرن اسٹریٹ پر ایک قحبہ خانے کے باہر حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
مونڈلی خمالو پر حملے کے شبے میں ایک 27 سالہ شخص کو حراست میں لیا گیا تاہم بعدازاں اسے چھوڑ دیا گیا۔
ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بطور اوور سیز کھلاڑی اپنے پہلے دورے پر برطانیہ آنے والے نوجوان کرکٹر کی حالت خطرے میں ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے انڈر 19 کرکٹ کھیلنے والے مونڈلی خمالو اب تک 4 فرسٹ کلاس میچز اور ایک لسٹ اے میچ کھیل چکے ہیں۔
نارتھ پیتھرٹن کرکٹ کلب کا کہنا ہے کہ اپنے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کرکٹر کے حملے میں زخمی ہو کر اسپتال منتقل ہونے پر بہت رنجیدہ ہیں اور کرکٹر کی جلد صحتیابی کے لیے پرامید ہیں۔