جلد خوش خبری کی امید!

0


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں وکلا برادری کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے لیے جلد خوش خبری دیں گے، میں خود وکیل ہوں، وکلابرادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے انصاف لائرز فورم کے وفد نے ملاقات کی اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں، وکلابرادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، حکومت نے وکلابرادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ انصاف لائرز فورم نے انصاف کی فراہمی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا، جمہوری روایات اور رآئینی بالادستی کے لیے وکلا کی خدمات قابل تحسین ہیں، مشکلات کے باوجود کورونا سے متاثرہ وکلابرادری کی مالی امداد کی، ماضی کی حکومتوں نے وکلابرادری کے مسائل کو یکسر فراموش کیے رکھا۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا، جلد لاہور میں انصاف لائرز فورم کا گرینڈ کنونشن بلایا جائے گا، کنونشن میں وکلابرادری کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے، وکلابرادری کو ہیلتھ کارڈز بھی دئیے جائیں گے، وکلابرادری کی رہائش کامسئلہ حل کرنے کیلئے جلد خوشخبری دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ آفس میں آپ کا وکیل ہوں، پنجاب میں ہر کام میرٹ اور انصاف پر کیا جاتا ہے، پولیس اور انتظامیہ کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر کام میرٹ پر کیا جاتا ہے، ماضی میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کے اندھے کلچر کا خاتمہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here