پشاور : خیبرپختونخوا کے دارلحکومت پشاور اور مردان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ صوبے میں کورونا وائرس ایکٹیو کی تعداد بھی کم ہوکر 3 ہزار 998 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے، خیبرپختونخوا میں بھی قاتل وائرس کا زور ٹوٹنے لگا ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 ماہ کی کم ترین سطح 1.8 فیصد پر آگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور شہر وائرس کے وار سے محفوظ رہا، کورونا وائرس تیسری لہر میں پہلی بار پشاور میں آج کورونا وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ ضلع مردان جہاں رمضان کے مہینے میں کورونا وائرس مثبت کیسز کی شرح 55 فیصد سے بھی زیادہ تھا اور آج مردان بھی وائرس کے وار سے محفوظ رہا، آج سب سے زیادہ اموات سوات سے رپورٹ ہوئی ہے، جہاں پر وائرس سے 4 افراد زندگی کی بازی ہاگئے ہیں۔
صوبے میں کورونا وائرس ایکٹیو کی تعداد بھی کم ہوکر 3 ہزار 998 ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید خیبرپختونخوا بھر میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے جانبحق افراد کی تعداد 4ہزار 170 ہوگئی اور 147 نئے کیسز کے ساتھ وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار 928 تک پہنچ چکی ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 1 لاکھ 26 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے اعداد وشمار کے مطابق صوبے آج بھی 8 ہزار 128 نئے ٹیسٹ کئے گئے، کے پی میں اب تک کل 18 لاکھ 70 ہزار 572 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔