فیصل آباد کی تحصیل تاندليانوالہ میں انتہائی عجیب وغریب واقعہ پیش آیا ہے، جہاں چند ماہ قبل انتقال کرجانے والے (پیر صاحب) کی درگاہ پر ان نے بیٹے نے ہی دھاوا بول دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تاندالیانوالہ میں سات ماہ قبل پیر علی بہادر شاہ نامی شخص کا انتقال ہوا، پیر صاحب نے دو شادیاں کررکھی تھیں، انتقال کے وقت دوسری بیوی کے بچوں نے پیر صاحب کی تجہیزوتکفین کا اہتمام کرتے ہوئے انہیں دفنادیا۔
تاہم گذشتہ روز پہلی بیوی کے بیٹوں نے اپنے مریدوں کے ساتھ درگاہ پر دھاوا بولا اور پیر صاحب کی میت کو قبر سے نکال کر اوکاڑہ لے گئے۔
واقعے پر تھانہ گڑھ پولیس نے مرحوم پیر علی بہادر شاہ کے چھوٹے بیٹے( جوکہ دوسری بیوی) سے تھا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، ایف آئی آر میں دونوں سوتیلے بھائیوں سمیت 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مدعی کے مطابق مرحوم پير بہادر شاہ کی وصيت کے مطابق ان کی تدفين موضع گڑھ ميں کی گئی تھی جبکہ ملزمان ان کی تدفين اوکاڑہ ميں کرنا چاہتے تھے۔
ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ملزمان درگاہ پر دھاوا بولنے کے ساتھ ساتھ دربار کے چندے کی پیٹی، سامان اور ایک ملنگ کو بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمام نے اپنے مقصد کو پورا کرنے کی خاطر یہ اقدام اٹھایا ہے۔