لاہور : مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کرنے والوں کی شناخت کرلی گئی ، کیمروں کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جاری ہے ، سیف سٹی ڈپارٹمنٹ نے حملہ آوروں کی شناخت کرلی ہے ، کیمروں کی مدد سے 2موٹرسائیکل سوارحملہ آوروں کی شناخت کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمرے جائے وقوعہ پر نہیں لگے تھے ، سیف سٹی کیمرے وقوعہ سے کچھ دورمرکزی شاہراہ پرلگے تھے ، ملزمان فرارہوئے تو سیف سٹی کیمروں کی رینج میں آئے۔
حکام کے مطابق بلال یاسین کے بیان کے بعد پولیس تحقیقات آگے بڑھائے گی، اس حوالے سے سی سی پی اولاہورنے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
دوسری جانب ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ 13 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی درج نہ کیا جاسکا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ بلال یاسین کے بیان کے بعد درج ہوگا۔
بلال یاسین حملہ کیس میں سی ٹی اسکین رپورٹ سامنے آگئی ہے، ایم ایس ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کی حالت خطرے سے باہر ہے ، ٹانگ کی ہڈی فریکچرہوئی،آپریٹ کردیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا بلال یاسین کادوسراکامیاب آپریشن صبح 5بجے کیا گیا ، جس میں ان کےپیٹ سےگولی نکال دی گئی اور انھیں سرجیکل ٹاور کے آئی سی یو وارڈ میں شفٹ کردیا ہے۔
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے پنجاب سے منتخب رکن اسمبلی بلال یاسین نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے تھے۔