بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ مشکل آسان ہوگئی
Abdul Rehman
کراچی : شہری نے بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس بنوانے کا آسان طریقہ بتادیا ، 25 سو سے 3ہزار روپے رشوت دیں اور گھر بیٹھے لائسنس حاصل کریں۔
تفصیلات کے مطابق بغیرمیڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ ڈی ایل کورنگی ایم وی آئی ملازم اسلم میرانی نے مشکل آسان کردی، 25 سو سے 3 ہزار روپے رشوت دیں اور گھر بیٹھے لائسنس حاصل کریں۔
شہری نے کورنگی ڈی ایل برانچ میں اسلم میرانی کی خفیہ ویڈیو بنالی، جس میں اسلم میرانی موٹروہیکل آفس میں انسپکٹرعلی کےساتھ ڈیوٹی انجام دیتا ہے ، ویڈیومیں مبینہ طورپراسلم میرانی کو رشوت لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اےآروائی نیوز نے ویڈیوبنانےوالےشہری سےفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے میں نے فیس جمع کرائی تونظر کے ٹیسٹ میں فیل ہوگیا پھرمیرا کسی نے میرانی سے رابطہ کرایا، بغیرٹوکن حاصل کیے میرانی نے مجھے سیدھا اندر بلالیا، فیس کےعلاوہ مجھ سے3 ہزار مانگے گئے تو 25 سو میں طے پایا۔
شہری کا کہنا تھا کہ اسی وقت ٹوکن نکلوا کر دوبارہ سے پراسس شروع کرا دیا، نہ میڈیکل ٹیسٹ ہوانہ ڈرائیونگ ٹیسٹ، سب کچھ کلیئرکرادیا، ایک روز کے اندر میرے گھر پر کورئیر سے لائسنس آگیا۔