بالاکوٹ دہرایا گیا تو پاکستانی قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے، وزیر خارجہ نے بھارت کو خبردار کردیا
Abdul Rehman
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ستائیس فروری 2019 کوبھارت کونپاتلا جواب دیا اور اپنی خودمختاری کادفاع کیا، پاکستانی قوم امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن بالاکوٹ دہرایا گیا تو یہ قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 26 فروری 2019 کو بھارت نے بالاکوٹ پر حملہ کیا، داس گپتا کی گفتگو کا مطالعہ کریں توپتہ چلتاہےاس کے ذاتی مقاصد تھے، پاکستان نے27فروری کو نپا تلا باوقار جواب دیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج ایک ایسی فضاجنم لےرہی ہے جوبھارت کو مجبوکررہی ہے، وہ اپنی پالیسیز پرنظرثانی کرے، پاکستانی قوم امن کوترجیح دیتی ہے، لیکن بالاکوٹ دہرایا گیا تو یہ قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نےدنیاکوصرف یہ بارآورکراناتھاکہ ہم اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتےہیں، ہم نےاپنی سرحدوں اوراپنی خود مختاری کادفاع کیا، ہم نے دوطیارے گرائے اور ان کا ایک پائلٹ بھی پکڑا تاہم بعد میں پائلٹ کوجذبہ خیرسگالی کےتحت بھارت کے حوالے کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کا پہلا بیان تھا ، آپ امن کی طرف ایک قدم اٹھائیں ہم دوقدم اٹھانے کو تیار ہیں، افغانستا ن میں امن کے لیے جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ دنیا سے ڈھکا چھپا نہیں جبکہ ہم نے مقدس مقامات کےزیارات کے لیے سکھوں پر دروازے کھولے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بی جےپی سرکارکےبعدسیزفائرکی خلاف ورزیوں میں تشویشناک اضافہ ہوا، 5 اگست کے بھارتی اقدامات کو کشمیریوں نے تسلیم نہیں کیا، وہ اقدامات غیرقانونی تھے، کشمیر کی صورتحال مزید الجھ گئی، بھارت کو اپنے اقدامات پراس کی سول سوسائٹی تنقید کررہی ہے اور کہہ رہی ہےکہ ہم دل اور دماغ کی لڑائی ہار رہے ہیں۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 5 اگست 2019 کے بعد 5 بار مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا، 74اور75 ویں اجلاس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی نشاندہی کی گئی، 120 نشستیں ایسی ہیں جس میں دفترخارجہ اوروزیراعظم نے عالمی طورپراپنی نقطہ نظرپیش کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دورہ پاکستان میں مسئلہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا۔