ایچ بی ایل چین میں برانچ کھولنے والا پہلا پاکستانی بینک بن گیا

0


کراچی : ایچ بی ایل چین کے دارالحکومت بیجنگ میں برانچ کھولنے اور صارفین کو خدمات فراہم کرنے والا پہلا پاکستانی بینک بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل کی چینی دارلحکومت بیجنگ میں برانچ کھولنے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں کلائنٹس، ریگولیٹرز اور ایچ بی ایل کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے سینئر ایگزیکٹیوز شریک ہوئے۔

تقریب میں پاکستان سے، ڈپٹی گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، جمیل احمد، چیئرمین ایچ بی ایل سلطان علی الانہ، ایچ بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو افسر محمد اورنگزیب سمیت ایچ بی ایل کے سینئر ایگزیکٹیوز اور کسٹمرز نے ورچوئل تقریب میں شرکت کی۔

ایچ بی ایل بیجنگ میں بینک کے معزز کلائنٹس کو پروڈکٹس اور سروسز کی تمام تر سہولیات فراہم کرتا ہے۔

ایچ بی ایل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں سمیت ریگولیٹرز کا شکر گزار ہے ، جنھوں نے برانچ کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے اپنے بھروسے اور اعتماد کا اظہار کیا۔

ایچ بی ایل، پاکستان کا پہلا اور واحد بینک ہے، جس کی بیجنگ میں برانچ ہے، جبکہ جنوبی ایشیا سمیت مشرق وسطی اور شمالی افریقہ ریجن کے اُن تین بینکوں میں شامل ہے، جو چین میں مکمل آر ایم بی بزنس کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

ایچ بی ایل کی چین میں موجودگی کی مدد سے بینک کو سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ راہداری کے منصوبوں میں شامل سرکاری کمپنیوں اور نمایاں مالیاتی اداروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

ایچ بی ایل کے لیے چین کی مارکیٹ کی اہمیت صرف چین اور سی پیک میں بزنس تک محدود نہیں، بلکہ ایچ بی ایل اپنے بین الاقوامی نیٹ ورک کے ذریعے مختلف ممالک میں چین کی کمپنیوں کی شمولیت کو مزید وسیع کرسکتا ہے۔

ایچ بی ایل بیجنگ کے افتتاح پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین سلطان علی الانہ نے کہا کہ چین میں ایچ بی ایل کے سفر کا آغاز 2005ء میں ہوا تھا جب ہم نے بیجنگ میں اپنا نمائندہ دفتر قائم کیا تھا، بعد ازاں 2017ء میں ارومچی شہر میں برانچ آپریشنز کا آغاز ہوا اور آج ہم بیجنگ میں اپنے برانچ آپریشنز کا افتتاح کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین میں اپنی فرنچائز کی توسیع ہمارے لیے انتہائی فخر کا موقع ہے اور ہم مقامی تجارت میں تعاون کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے اور ایچ بی ایل کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے ذریعے اپنے قابلِ احترام کسٹمرز کو خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

برانچ کے افتتاح پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، ایچ بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو افسر محمد اورنگزیب نے کہا کہ چین ایچ بی ایل کے لیے دوسری ہوم مارکیٹ ہے اور ہم چین میں اپنے بزنس کو مزید وسیع کریں گے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چین ایچ بی ایل کی بین الاقوامی حکمتِ عملی کا محور ہے، ہم برانچ لائسنس جاری کیے جانے پر ریگولیٹرز کے شکرگزار ہیں جنھوں نے مارکیٹ کے اعتبار سے صلاحیتوںکے فروغ اور کلائنٹس کو بہترین پروڈکٹ اور سروسز کی فراہمی کے لیے ایچ بی ایل جیسے مالیاتی اداروں کی حوصلہ افزائی میں انتہائی تعاون کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا ایچ بی ایل پاکستان میں سی پیک سے متعلقہ فنانسنگ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور چین میں بینک کی موجودگی کے باعث اب ہمارا ایک منفرد مقام ہے، جس کے ذریعے ہم بینک کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے کلائنٹس کو براہِ راست چین میں موجود کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایچ بی ایل بیجنگ اور ارومچی کے بعد، چین میں ایچ بی ایل کی دوسری اور مرکزی برانچ ہے، دونوں برانچوں میں فارن ایکسچینج اور آر ایم بی لائسنس کی سہولیات موجود ہیں جو کسٹمرز کی مختلف کرنسی کی ضروریات پوری کرسکتی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here