ایشیا کپ : افغان ٹیم سے فتح پر پاکستانی عوام کا جوش وخروش قابل دید
Abdul Rehman
افغانستان کے خلاف سپر فور مقابلے میں ایک وکٹ سے شاندار کامیابی کے بعد پاکستانی شائقین خوشی سے نہال ہیں، میچ جیتنے کے بعد لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔
نسیم شاہ کے دو فلک شگاف شاندار چھکوں نے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ دلادی۔ 11 ستمبرکو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پاکستان کا مقابلہ اب سری لنکا سے ہوگا جو ایونٹ کی میزبانی بھی کررہا ہے۔
اب سے چھتیس سال قبل جس شارجہ میں منجھے ہوئے بلے باز جاوید میانداد نے چھکا مار کر بھارت کے خلاف ایک وکٹ سے پاکستان کو فتح دلائی تھی۔
اس میچ کی فتح پر بھی پاکستانی عوام نے کئی سال تک خوشیاں منائیں اور اب اس حالیہ فتح کو بھی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ سیلیبریٹ کیا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر کی جانے والی اکثر پوسٹس میں پاکستانی شائقین پھولے نہیں سما رہے، محمد آصف سے کی جانے والی افغان کھلاڑی کی بدتمیزی کے بعد لوگوں میں بھی شدید غم و غصہ تھا۔
اسی حوالے سے انسٹا گرام پر ایک پاکستانی خاندان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے کہ جس میں نسیم شاہ کی جانب سے وننگ شاٹ لگانےکے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین جو کافی حد تک مایوسی کا شکار تھے ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ بلند آواز سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔
جس کے فوری بعد پاکستان کے ابھرتے ہوئے بالر نسیم شاہ نے لگا تار دو گیندوں پر دو چھکے مار کر افغانستان کو شکست سے دوچار کیا اور بھارت کو بھی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
پاکستان اور سری لنکا نے سپر فور مرحلے میں دو ، دو میچز جیت کر چار چار پوائنٹس حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی، افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں اس مرحلے میں پہلے دونوں میچز ہار کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔
جمعرات کو بھارت اور افغانستان اورجمعے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے سپر فور میچز کی اب کوئی خاص اہمیت نہیں رہ گئی ہے کیونکہ ان کے نتائج سے فائنل میں پہنچ جانے والی دونوں ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔