Todays News

آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ


فیصل آباد: مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا، آنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید بہتری ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان اکنامک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے سے پاکستان، ازبکستان سے نئے تجارتی معاہدے کر رہا ہے۔

رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سینٹرل ایشیا کی تجارت پوری دنیا میں اہمیت کی حامل ہے، جب تک ملک میں انڈسٹریلائزیشن نہیں ہوگی ہم ترقی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے سستا مال ایشیا میں مل رہا ہے، ہمارے بزنس مین زیادہ دیر تک باہر رہنا پسند نہیں کرتے۔ پوری دنیا کے تاجر جب نکلتے ہیں تو پورا پورا سال باہر رہتے ہیں۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ہم تب ہی نکلیں جب ہمارے ملک میں انڈسٹری لگے گی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ اسلام آباد کے حالات بالکل ٹھیک رہیں گے، ان حالات کا ملکی ایکسپورٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید بہتری ہوگی، ہمیں پروڈکٹ میں مزید جدت لے کر آنی چاہیئے۔

Exit mobile version