اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ میں حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلہ موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر ست ملاقات کی اور ای سی پی کی جانب سے سندھ کے تمام اضلاع، شہری اور مقامی علاقوں کی حدود تقسیم کرنے پر پابندی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سندھ حکومت نے قانون سازی کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت طلب کی، جسے چیف الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے سندھ میں حلقہ بندیاں مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
اہم ترین ملاقات میں الیکشن کمیشن کے رکن شاہ محمد جتوئی اور کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی 2 تاریخ کو سندھ میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع کی حدود تبدیل کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سندھ حکومت شہری یا مقامی علاقے کی حدود بھی تبدیل نہیں کرسکتی جبکہ ٹاؤن اور میونسپل کمیٹی کی تبدیلی پر بھی پابندی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں سابقہ حدود پر ہی کی جائیں گی۔