الیکشن کمیشن کا این اے 75ڈسکہ کے ضمنی الیکشن پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان
Abdul Rehman
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کردیا، انکوائری آفیسر 15 مئی تک رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کرتے ہوئے معاملے پر انکوائری افسر مقرر کردیا ہے اور 15 مئی تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پتہ چلایا جائے کہ لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کہاں رہے، صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنرپنجاب سعید گل کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انکوائری افسر پریزائیڈنگ افسران، عملے کی ڈیوٹی کی خلاف ورزیوں کی جانچ کرے گا اور لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کے بیانات ریکارڈ کرے گا، انکوائری افسر تمام وفاقی و صوبائی اداروں سے مدد لے سکتاہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری میں ٹرانسپورٹیشن اور سیکورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور مبینہ کرپٹ پریکٹس میں ملوث افسران سمیت رزلٹ ٹمپرنگ،پولنگ عملے کو لاپتہ کرنے میں مدد کا تعین کا تعین کیا جائے گا۔
انکوائری آفیسر 15 مئی تک اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گا۔