الیکشن کمیشن میں متعدد شعبے بند، زیر سماعت تمام کیسز ملتوی
Abdul Rehman
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ایک سرکلر جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زیر سماعت تمام کیسز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کو حاصل سرکلر کی کاپی کے مطابق این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، الیکشن کمیشن کے تمام دفاتر میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔
سرکلر کے مطابق بغیر ماسک کے کسی کو کام پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی، جب کہ پی آر پروٹوکول وِنگ، ایڈمن وِنگ، جنڈر وِنگ لائبریری، ڈے کیئر سینٹر فوری طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ جن ملازمن کو علامات ہیں وہ فوری طور پر قرنطینہ میں جائیں، اور رپورٹ منفی آنے پر متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کریں، نیز جن شعبوں میں کرونا کیسز سامنے آئے ہیں انھیں فوری بند کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے۔
سرکلر میں تمام افسران اور اہل کاروں کو کرونا ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا گیا ہے، جب کہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت تمام کیسز ملتوی کر دیے گئے، اور ہر قسم کی میٹنگز بھی ملتوی کر دی گئیں۔
الیکشن کمیشن نے شعبہ قانون کے تمام اہل کاروں کو خصوصی طور پر کرونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دوسری طرف 15 اپریل تک صبح 10 سے شام 4 بجے تک دفتر کے اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔