الفا براوو چارلی کے ”گل شیر ” وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دینے میدان میں آگئے
Abdul Rehman
اسلام آباد پی ٹی وی کی مقبول ترین ڈرامہ سیریل میں کیپٹن گل شیر کا کردار ادا کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل (ر)سید قاسم شاہ نے اپنے ویڈیو بیان میں وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1987میں ورلڈ کپ ہارنے کے بعد ایک بندہ کرکٹ چھوڑ چکا تھایہاں تک کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بھی کرلیا تھا مگر اس دوران انہیں احساس ہوا کہ کرکٹ کے بغیر ہسپتال بنانے کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس شخص نے ہسپتال کا خیال ذہن میں رکھ کر اسی لگن و جستجو کے ساتھ پھر سے
کرکٹ کھیلنا شروع کی یہاں تک کہ ورلڈ کپ بھی قریب آگیا تب اس نے یہی سوچا کہ ورلڈ کپ جیتنے سے ہی ہسپتال بن سکتا ہے اس لیے انہوں نے اس دوران کینسر ہسپتال بنانے کے خواب کو اپنا مقصد بنالیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران عمران خان نے نیوزی لینڈ میں عشائیے میں کہا تھا کہ ہم یہاں ورلڈ کپ لینے آئے ہیں، مجھے ان کے اس بیان پر تعجب کا اظہار ہوا کہ ٹیم کی حالت کس طرح کی ہے اور اس کے باوجود اس طرح کے بڑے بیان دیئے جا رہے ہیں لیکن انہیں پتا تھا کہ جس نیت کے ساتھ وہ چل رہے ہیں اس میں اللہ پاک ان کی مدد کریں گے۔سید قاسم شاہ نے عمران خان کی سیاست کے حوالے سے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں قدم رکھنے کے بعد یہی فیصلہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کو واپسٹریک پر لے کر آئیں گے جس کے لیے انہوں نے گندگی صاف کرنے کا فیصلہ کیا اور اسے اپنا مقصد بنایا، یہ مقصد حاصل کرنے کے لیے انہیں سب سے بڑا عہدہ درکار تھا پھر قدرت کا کرنا یہ ہوا کہ پاناما جیسے کیسز سامنے آگئے اور عمران خان کو آگے آنے کا موقع مل گیا۔ عمران خانکو اس سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے اور مجھے امید ہے کہ جس نیک نیتی کے ساتھ اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے عمران خان آگے پہنچے ہیں اس میں یہ کبھی بھی ناکام نہیں ہوں گے، کیونکہ ابھی آپ کو تعلیمی نظام کو بہتر کرنا ہے، ابھی سیاحت جیسے بڑے کام کرنے ہیں اور یہ کام وہی کرسکتا ہے جس کی سوچ پاکستان کے ساتھ ہو اور مجھے یہ امید ہے کہ یہ کام صرف عمران خان کو کرنے ہیں اور اس ضمن میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں بالخصوص میں آپ کیساتھ ہوں۔