Todays News

اسلام آباد: درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی سے مزید 4 اموات ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں دیہات میں 6 اورشہری علاقوں میں 2 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے، رواں سیزن میں اب تک 4 ہزار 596 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ڈی ایچ او کے مطابق رواں سیزن کے دوران ڈینگی سے اب تک 21 اموات ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی سے 4 اموات ہوئیں، پنجاب میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 137 ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں ڈینگی کے 108 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 82 صرف لاہور سے رپورٹ ہوئے۔

سیکریٹری محکمہ صحت عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب میں تاحال ڈینگی کے 24 ہزار 744 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

Exit mobile version