لاہور: پی ایس ایل سیزن سیون کے سنسنی خیز مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے، آج مزید ایک میچ کا فیصلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل ) میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، اسلام آباد یونائیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آج مد مقابل ہوں گی، شام 7 بجکر 30 منٹ پر دونوں ٹیموں کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔
اہم مقابلے سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی اور پلان فائنل کرلیے، پال اسٹرلنگ کی جگہ انگلش آل راؤنڈر لیام ڈؤسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کر لیاہے، انہیں گلیڈی ایٹرز کے خلاف نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔
لاہور قلندرز کے خلاف ہائی اسکورنگ میچ جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مورال بھی بلند ہے تاہم انہیں بڑا دھچکا ملا ہے کیونکہ اسٹار آل راؤنڈر محمد نواز پاؤں میں فریکچر کے باعث پی ایس ایل سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچ میچز کا موازنہ کیا جائے تو اسلام آباد کا پلڑا بھاری ہے، جس نے گلیڈی ایٹرز کو تین مرتبہ شکست کا مزا چکھایا جبکہ دو میں ناکامی ملی۔
ادھر پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، لاہور قلندرز دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔