اسلام آباد میں کورونا بے قابو، مثبت کورونا کیسز کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی
Abdul Rehman
اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں کورونا بے قابو ہوگیا اور مثبت کورونا کیسز کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، ایک دن میں 856 کورونا کیسز سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، 24 گھنٹے میں مثبت کیسز کی شرح 15.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم ضیا کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 24 گھنٹے میں 856کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، اب تک مجموعی طور پر 56 ہزار 460 کیسز اور 561 اموات ہوچکی ہیں۔
ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 2مریض جاں بحق ہوئے جبکہ کورونا کیلئے مختص 64 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔
یاد رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعدد علاقوں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
جی نائن 2، جی ٹین 3، جی ٹین 2، جی الیون 2، جی الیون 1 اور آئی ایٹ 3 میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جبکہ ڈی ایچ اے ٹو، سوہان گارڈن، پی ڈبلیو ڈی، بہارہ کہو اور بنی گالہ میں مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔
خیال رہے ملک میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 ہزار سے زایئد کیسز رپورٹ ہوئے اور 41 مریضوں کا انتقال ہوا۔