Todays News

ارجنٹینا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری ابو ظہبی میں کرے گا


رواں برس قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم ابو ظہبی میں قیام کرے گی اور دوستانہ میچ کھیلے گی۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن اور ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کے درمیان اسٹریٹجک تعاون معاہدہ کے بعد ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم اس سال قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ابو ظہبی میں قیام کرے گی۔

2 بار ورلڈ کپ فٹ بال جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اپنی تیاریوں کے لیے ابو ظہبی میں دوستانہ میچ کھیلے گی۔

ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی کے لیے ٹرافی جیتنے کا یہ آخری موقع ہوگا کیونکہ وہ ٹورنامنٹ شروع ہونے تک 35 سال کے ہو جائیں گے۔

ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشترکہ کام کے کئی مہینوں کے تبادلے کے بعد ابو ظہبی اسپورٹس کونسل نے ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایک طویل معاہدے کو مضبوط کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابو ظہبی 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی تیاری کے کیمپ کی میزبانی کرے گا جس میں نومبر میں دوستانہ میچ بھی شامل ہوں گے۔

ارجنٹینا کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کے ایک حصے کے طور پر ابو ظہبی میں سپر کوپا ارجنٹینا فائنلز 2023 سے 2026 تک مسلسل 4 سال تک کھیلے جائیں گے۔

ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن لاطینی امریکا کی پہلی فیڈریشن بن گئی ہے جس نے مشرق وسطیٰ کے خطے میں اعلی عالمی اثر والے کھیلوں کے ایونٹ کو برآمد کیا۔

ارجنٹینا کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے جو 22 نومبر کو سعودی عرب کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، اس کے بعد وہ 26 نومبر کو میکسیکو کا سامنا کرے گا اور 30 نومبر کو پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

یاد رہے کہ فٹ بال کا عالمی کپ رواں برس 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔

Exit mobile version