بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا صنعتکارویبھوو ریکھی کے ساتھ رشتہ اذدواج میں منسلک ہوگئیں، یہ دونوں کی دوسری شادی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیا مرزا نے شادی کے موقع پر روایتی سرخ ساڑھی زیب تن کی جبکہ ویبھوو ریکھی سفید شلوار قمیض کے ساتھ واسکٹ اور گولڈن پگڑی پہنے ہوئے تھے۔
شادی کی تقریب ممبئی کے علاقے باندرہ میں ویبھوو ریکھی کے گھر پرمنعقد کی گئی جس میں فیملیز کے علاوہ اداکارہ ادیتی راو حیدری اور جیکی بھگنانی بھی شریک ہوئے۔
یہ جوڑی گزشتہ کئی ماہ سے ایک ساتھ دیکھی جارہی تھی تاہم انہوں نے اس معاملے کو نجی ہی رکھا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب کے بعد دیا اور ویبھوو نے باہرآکرتصاویر کھنچوائیں جبکہ اداکارہ نے میڈیا نمائندوں کو مٹھائی بھی کھلائی۔
انتالیس سالہ دیا مرزا کی یہ دوسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے سال 2014 میں پروڈیوسر ساحل سنگھا سے شادی کی تھی جو 5 سال بعد 2019 میں ختم ہوگئی، جبکہ ویبھوو راکھی کی بھی یہ دوسری شادی ہے اورپہلی شادی سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔