ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

0


ابوظبی: یمن کے حوثیوں نے ابوظبی میں‌ ڈرون حملہ کیا ہے، متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اسے شبہ ہے کہ ایندھن کے ٹرکوں کو ڈرون نے نشانہ بنایا۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ابوظبی کے ہوائی اڈے کے قریب ایندھن کے تین ٹرک پھٹ گئے اور آگ لگ گئی، یمنی حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ان کی جانب سے کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ڈورن حملوں میں 3 افراد کی جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے ہیں، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شامل ہیں، یو اے ای حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی۔

ابوظبی پولیس نے بتایا کہ تیل کی فرم ADNOC کی اسٹوریج کی سہولیات کے قریب صنعتی مصفح کے علاقے میں ایندھن کے تین ٹینکر ٹرک پھٹ گئے اور ابوظبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک تعمیراتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی پر ایک بیان میں کہا ابتدائی تحقیقات میں ایک چھوٹے طیارے کے پرزے ملے ہیں جو ممکنہ طور پر دونوں جگہوں پر ڈرون ہو سکتے ہیں جو دھماکے اور آگ کا سبب بنے۔

واضح رہے کہ حوثی متحدہ عرب امارات پر مشتمل سعودی زیر قیادت اتحاد سے لڑ رہے ہیں، گروپ نے اکثر سعودی عرب پر سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، تاہم اس نے اب تک متحدہ عرب امارات پر ایسے چند ہی حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جن کی زیادہ تر اماراتی حکام نے تردید کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here