ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے پیش نظر ابوظبی نے آنے والوں پر بوسٹر شاٹس کا ثبوت دکھانا لازمی کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں داخلے کے لیے اب بوسٹر شاٹس کا ثبوت دکھانا ضروری قرار دے دیا گیا ہے، گرین پاس کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے کرونا کا نیگیٹو رپورٹ بھی دکھانی ہوگی۔
وزارت صحت کی ہیلتھ ایپ کے ذریعے رواں ہفتے کے آغاز میں واضح کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں داخل ہونے والے افراد کو اپنی ویکسینیشن کی حیثیت کی تصدیق کرتے ہوئے گرین پاس دکھانا ہوگا۔
ہیلتھ ایپ میں اب ایسے افراد جنھوں نے ویکسینیشن کی دونوں ڈوز مکمل کر لی ہیں اور 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے انھیں بوٹسر ڈوز لینا ضروری ہے ورنہ انھیں مکمل طور پر ویکسین شدہ نہیں سمجھا جائے گا۔
ابوظبی میں داخل ہونے والے افراد کے لیے بھی ایپ پر اپنے گرین پاس کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہفتوں کے اندر کرونا وائرس کا نیگیٹو رزلٹ دکھانا ہوگا۔
ابوظبی کے محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام افراد پر لازمی ہے کہ عوامی مقامات یا سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے سے پہلے ہیلتھ ایپ پر اپنا گرین پاس ضرور دکھائیں۔
وزارت صحت کے مطابق امارات نے اپنی 90 فی صد سے زیادہ آبادی کی مکمل ویکسینیشن کر دی ہے، یہ شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے، خیال رہے کہ امارات میں دسمبر 2021 میں کرونا کیسز میں واضح کمی دیکھی گئی تھی تاہم اب ایک بار پھر کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔