گوادر:محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیزبارش اورطوفانی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کردی ہے،جس کے پیش نظر محکمہ فشری نے ماہی گیروں کوسمندرمیں جانے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیزبارش اورطوفانی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے6 جنوری تک تیزبارش اورطوفانی ہوائیں متوقع ہے۔
تیزبارش اورطوفانی ہواؤں کے پیش نظر محکمہ فشری نے ماہی گیروں کوسمندرمیں جانے سے روکتے ہوئے کہا کہ ماہی گیر کشتیاں 4دن تک سمندر کا رخ نہ کریں اور نقصانات سےبچنے کےلیےکشتیاں محفوظ مقامات پرکھڑی کردیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کےبیشتر علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے، کوئٹہ،زیارت،کان مہترزئی کے پہاڑوں پر برفباری بھی جاری ہے۔
کوئٹہ میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت3سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں منفی 2 اورزیارت میں منفی4سینٹی گریڈ رہا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی کل سے شہر لاہور میں بھی بارش کی پیشگوئی کردی ہے ، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے 3 روز جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، دن کےاوقات میں درجہ حرارت 18 ڈگری تک جائےگا جبکہ بارش کےاسپیل کے باعث سردی میں بھی اضافہ ہوگا۔
علاوہ ازیں آج ملک کے بالائی علاقوں گلگلت بلتستان،خیبرپختونخوا اورکشمیر میں برف باری اور بارش کا امکان ہے، اسلام آباد ،لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاورمیں سردی میں اضافہ کی توقع ہے ۔
ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع ابرآلوداورموسم سرد رہے گا جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔